ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : عوامی مقامات پر گنیش تہوار نہیں منایا جا سکے گا ۔ اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت

بھٹکل : عوامی مقامات پر گنیش تہوار نہیں منایا جا سکے گا ۔ اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت

Tue, 24 Aug 2021 12:53:46    S.O. News Service

بھٹکل، 24؍اگست (ایس او نیوز) گنیش تہوار منانے سے متعلق گنیش تہوار کمیٹیوں کے ذمہ داران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر مامتا دیوی نے ہدایت دی ہے کہ کووڈ پروٹوکول کے پس منظر میں امسال گنیش تہوار نہایت سیدھے سادے انداز میں صرف اپنے گھروں اور مندروں کے اندر منایا جائے ۔ اس سے ہٹ کر عوامی مقامات پر پنڈال ، شامیانہ وغیرہ لگا کر یا چبوترے قائم کرکے  مورتی بٹھاتے ہوئے یہ تہوار منایا نہیں جا سکے گا ۔
    
گنیش تہوار کمیٹیوں کے اراکین کو اسسٹنٹ کمشنر نے واضح طور پر بتایا کہ گنیش کی مورتی لاتے وقت یا اسے ڈبونے کے لئے لے جاتے وقت کوئی جلوس یا کسی بھی قسم کے تفریحی پروگرام کی اجازت نہیں رہے گی ۔ گنیش مورتیوں کی پوجا کرنے والے اپنے اپنے گھروں کے پاس وسرجن کریں یا ضلع / تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے نشاندہی کردہ قریب ترین جگہ پر لے جا کر وسرجن کریں ۔ جن مندروں میں گنیش مورتی بٹھائی جائے گی وہاں پر روزانہ سینی ٹائزیشن کیا جائے ۔ بھکتوں کے لئے سینٹائزر اور تھرمل اسکیانر کا انتظام کرنے کے علاوہ کووڈ پروٹوکول کی پوری پابندی کرنی ہوگی ۔ کلچرل اور تفریحی پروگرام کے نام پر لوگوں کی بھیڑ جمع کرنا ممنوع ہوگا ۔
    
اس موقع پر مرڈیشور کے کرشنا نائک زمیندار نے سوال کیا کہ کووڈ پروٹوکول کیا صرف مذہبی تقریبات اور تہواروں کے لئے ہی ہوتا ہے ؟ جبکہ سیاست داں اور سرکاری افسران اس پروٹوکول کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے جلسے جلوس منعقد کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی جگہوں پر گنیش تہوار منانے والی کمیٹیوں کو بھی ہمیشہ کی طرح مورتیاں بٹھانے اور تہوار منعقد کرنے کی اجازت ملنی چاہیے۔
    
گنیش تہوار کمیٹیوں کے ذمہ دار بھوانی شنکر نائک نے پوچھا کہ عمارتوں کے اندر گنیش مورتی بٹھانے کی اجازت تعلقہ انتظامیہ نے دی ہے لیکن یہ نہیں بتایا کہ کتنے دنوں تک پوجا کرنے کا موقع رہے گا ۔ گزشتہ سال صرف ایک دن پوجا کرکے مورتی وسرجن کرنے کو کہا گیا تھا جس پر ہم نے عمل کیا ۔ مگر بعض مقامات پر پانچ پانچ دن پوجا ہوتی رہی اس کے بعد وسرجن کیا گیا ۔ اس لئے امسال پوجا کتنے دن تک کی جاسکے گی اس پر تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے  واضح ہدایت دی جانی چاہیے ۔    
    
آٹو رکشہ یونین کے ضلع صدر کرشنا نائک اسارکیری نے کہا کہ عوامی مقام پر گنیش مورتی بٹھانے کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں ۔ دعوت نامے چھپ رہے ہیں ، شامیانہ لگانے کا آرڈر دیا جاچکا ہے مورتی بنانے کے لئے بھی آرڈر دیا گیا ہے اور ایسی حالت میں تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے میٹنگ طلب کرکے یہ سرکاری ہدایات جاری کی جارہی ہیں ۔ اب گنیش تہوار کمیٹی والے ان تیاریوں کا کیا کریں؟ انہوں نے اپنی مانگ رکھتے ہوئے کہا حکومت کے ساتھ گنیش کمیٹی والے تعاون کرنے کو تیار ہیں اسی طرح سرکار کو بھی گنیش کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے عوامی جگہوں پر گنیش مورتی بٹھانے اور تہوار منانے کی اجازت دینا چاہیے ۔
    
اس میٹنگ میں تحصیلدار ایس روی چندرا، ٹی ایم سی صدر پرویز قاسمجی ، ٹی ایم سی چیف آفیسر ایس ایس رادھیکا، ٹاون اور دیہی پولیس اسٹیشن کے افسران وغیرہ موجود تھے ۔


Share: